ایران کے بندرگاہ پر دھماکہ: ہلاکتیں آٹھ ہو گئیں، 750 سے زائد افراد زخمی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران کے جنوبی علاقے میں واقع شہید رجائی بندرگاہ پر ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے جبکہ 750 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ معلومات ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے فراہم کیں۔ ایرانی سرکاری ٹی وی چینل آئی آر آئی بی پر نشر ایک بیان میں اسکندر مومنی نے کہا اس وقت سب سے اہم کام زخمیوں کو بچانا اور آگ کو مکمل طور پر بجھانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً 750 افراد زخمی ہوئے ہیں اور آٹھ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
وزیر داخلہ کے مطابق ریسکیو اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر موجود ہیں اور امید ہے کہ چند گھنٹوں میں صورتحال پر مکمل قابو پا لیا جائے گا۔ یہ دھماکہ ہفتہ کی صبح خلیج فارس میں واقع ایران کی اہم شہید رجائی بندرگاہ پر ہوا۔ حکام کے مطابق دھماکے کی باضابطہ وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔ ریسکیو آپریشن اور آگ بجھانے کی کارروائیاں جاری ہیں۔