بحرالکاہل میں امریکی فضائیہ کے سب سے بڑے اڈے پر دھماکہ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جاپان کے صوبہ اوکیناوا میں واقع امریکی فضائیہ کے سب سے بڑے ہوائی اڈے ’’کادینا ایئر بیس‘‘ پر پیر کے روز ایک زوردار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی میڈیا اور دفاعی ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ ایک ایسے گودام میں ہوا جہاں غیر پھٹے ہوئے بارودی مواد کو عارضی طور پر رکھا جاتا ہے۔ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بج کر بیس منٹ پر پیش آیا۔ جاپانی فوجی ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے تمام افراد جاپانی سیلف ڈیفنس فورسز (ایس ڈی ایف) کے اہلکار ہیں۔ خوش قسمتی سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔
یہ گودام ایس ڈی ایف کی وہ ٹیم استعمال کر رہی تھی جو غیر فعال بارودی مواد کو تلف کرنے کے کام پر مامور ہے۔ یہ عمارت کادینا ایئر بیس کے اندر واقع ہے، جو امریکہ کی بحرالکاہل کے خطے میں سب سے بڑی اور اسٹریٹجک اہمیت کی حامل فضائی تنصیب سمجھی جاتی ہے۔ واقعے کے بعد مقامی حکام اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر یومیتان گاؤں کے علاقے میں پہنچ گئیں۔ امریکی اور جاپانی فوجی حکام مشترکہ طور پر نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں، تاہم اب تک کادینا ایئر بیس کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ کادینا ایئر بیس جاپان کے اوکیناوا پریفیکچر میں واقع ہے اور اسے ’’کی اسٹون آف دی پیسفک‘‘ یعنی بحرالکاہل کی کلیدی تنصیب کہا جاتا ہے۔ یہ اڈہ دو ہزار ہیکٹر سے زائد رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور یہاں تقریباً بیس ہزار افراد تعینات ہیں۔ یہ امریکی فضائیہ کے اٹھارہویں وِنگ کا ہیڈکوارٹر بھی ہے، جو کہ اس کی سب سے بڑی جنگی وِنگ سمجھی جاتی ہے۔