روس کے علاقے وورونیش میں ٹرین کی آمد سے قبل ریلوے ٹریک پر دھماکہ
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے مرکزی علاقے وورونیش میں جمعرات کی صبح ایک ریلوے ٹریک پر دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک بڑی ٹرین حادثے سے بال بال بچ گئی۔ روسی فیڈرل سیکیورٹی سروس (ایف ایس بی) نے تصدیق کی ہے کہ دھماکہ ایک بارودی آلے کے ذریعے اُس وقت کیا گیا جب ٹرین صرف چند منٹ کی دوری پر تھی۔
ایف ایس بی کے مطابق، ٹرین کے ڈرائیور اور عملے نے بروقت ریلوے ٹریک پر ہونے والے نقصان کو دیکھ لیا اور ہنگامی بریک لگا کر ممکنہ سانحے کو روک لیا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اگر ڈرائیور کی پیشہ ورانہ مہارت نہ ہوتی تو ممکنہ طور پر جان لیوا حادثہ پیش آسکتا تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اس واقعے کی بنیاد پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت فوجداری تحقیقات شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔ریلوے لائن متاثر ہونے کی وجہ سے لمبے فاصلے تک جانے والی کم از کم 21 مسافر ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ گرینڈ سروس ایکسپریس نے بتایا ہے کہ کریمیا جانے والی تین اور وہاں سے آنے والی دو ٹرینیں متاثر ہوئیں، تاہم اب علاقے میں ٹرینوں کی آمد و رفت بحال ہو گئی ہے۔