فلپائن میں 350 سے زائد افراد کو لے جانے والی فیری کشتی ڈوب گئی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
فلپائن کے جنوبی حصے میں پیر کے روز ایک فیری کشتی حادثے کا شکار ہو کر ڈوب گئی، جس میں 332 مسافر اور 27 عملے کے افراد سوار تھے۔ فلپائن کوسٹ گارڈ کے مطابق کشتی منڈاناؤ جزیرے کے شہر زامبوانگا سے جولو جزیرے کی جانب سفر کر رہی تھی کہ حادثے کے دوران الٹ گئی۔ حادثہ ہاجی محتامد میونسپلٹی کے قریب پیش آیا۔ مقامی میئر ارسینا کاہنگ نانوہ کے مطابق ابتدائی طور پر کم از کم آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی۔ بعد ازاں جنوبی منڈاناؤ ڈسٹرکٹ کے کوسٹ گارڈ کمانڈر رومیل دوا نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر پندرہ ہو گئی ہے، جبکہ 316 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے اور 28 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ کوسٹ گارڈ کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ ریسکیو آپریشن کے لیے فوجی طیارے اور بحری جہاز بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔ حادثے کے مناظر پر مبنی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد مسافر سمندر میں تیر رہے ہیں اور ایمرجنسی رافٹس کو پکڑے ہوئے ہیں، جن میں سے کئی نے لائف جیکٹس پہن رکھی ہیں۔