برطرف روسی وزیر ٹرانسپورٹ، برطرفی کے چند گھنٹے بعد مردہ پائے گئے
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے وزیر ٹرانسپورٹ رومان ستاروویت اپنی برطرفی کے چند گھنٹے بعد مردہ حالت میں پائے گئے۔ روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے پیر کے روز تصدیق کی کہ ان کی لاش ماسکو ریجن میں ایک نجی گاڑی سے برآمد ہوئی جس پر گولی کا زخم تھا۔ کمیٹی کی ترجمان سویتلانا پیترینکو کے مطابق، “مرکزی امکان خودکشی کا ہے۔” ذرائع ابلاغ کے مطابق، ستاروویت کی لاش ایک ٹیسلا گاڑی میں ماسکو کے نواحی علاقے اوڈنٹسوو کے مالے وچ پارک کے قریب دوپہر 3 بجے کے لگ بھگ ملی۔ جائے وقوعہ سے ماراکوف پستول بھی برآمد ہوا جو ماضی میں انہیں بطور انعام دیا گیا تھا۔ رومان ستاروویت، وزیر ٹرانسپورٹ بننے سے پہلے کورسک ریجن کے گورنر کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے۔ روسی میڈیا چینل آر ٹی کے ایک ذریعے کے مطابق، ان کے خلاف ایک تفتیش شروع ہونے والی تھی جس میں ان پر الزام تھا کہ انہوں نے 2022 سے 2024 کے درمیان کورسک میں دفاعی تعمیرات کے لیے مختص فنڈز میں خردبرد کی۔
ذرائع کے مطابق، انہیں پیر کی شام گرفتار کیے جانے کا امکان تھا اور وہ ممکنہ طور پر اربوں روبل کی چوری کے الزامات میں پوچھ گچھ کے لیے لائے جاتے۔ یاد رہے کہ اگست 2023 میں یوکرین نے کورسک ریجن پر ایک بڑی زمینی یلغار کی تھی جسے کیف حکومت نے روس پر بڑا وار قرار دیا تھا۔ تاہم، روسی افواج نے صورتحال پر جلد قابو پا لیا اور اپریل 2024 کے آخر تک یوکرینی افواج کو مکمل طور پر نکال باہر کیا۔ ستاروویت کی جگہ اب ان کے سابق نائب آندرے نکیتن کو قائم مقام وزیر ٹرانسپورٹ مقرر کیا گیا ہے۔ نکیتن، جو اس سے قبل نووگورود ریجن کے گورنر رہ چکے ہیں، کو فروری 2025 میں نائب وزیر ٹرانسپورٹ بنایا گیا تھا اور وہ ملک کے ٹرانسپورٹ نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی اور خودکاری کی نگرانی کر رہے تھے۔