ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
عالمی ادارہ صحت (WHO) کی عہدیدار انائیس لیگانڈ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ 27 مئی کو ایک مریض مکمل صحت یابی کے بعد ہسپتال سے واپس اپنے گھر چلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ایبولا وبا میں یہ پہلا تصدیق شدہ مریض ہے جسے دو مرتبہ منفی ٹیسٹ رزلٹ آنے کے بعد علاج کے مرکز سے فارغ کیا گیا ہے۔ تاہم امکان ہے کہ کئی دیگر مریض بھی صحت یاب ہو چکے ہوں، جن کے طبی معائنوں کے نتائج کی لیبارٹری تصدیق ابھی باقی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق 15 مئی کو اس وبا کے آغاز کے اعلان کے بعد سے اب تک جمہوریہ کانگو میں ایبولا کے 125 تصدیق شدہ اور 900 سے زائد مشتبہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ ادارے نے 17 تصدیق شدہ جبکہ 223 مشتبہ ہلاکتیں بھی ریکارڈ کی ہیں۔