پہلا ون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 2 وکٹ سے شکست دے دی

Mohammad Rizwan Mohammad Rizwan

پہلا ون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 2 وکٹ سے شکست دے دی

اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں 2 وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ فیصل آباد کے تاریخی اقبال اسٹیڈیم میں 17 سال بعد کھیلے گئے میچ میں شائقین کرکٹ نے ایک سنسنی خیز مقابلہ دیکھا۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 263 رنز کا ہدف دیا، جسے قومی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 2 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 رنز بنائے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ انہوں نے میچ کے بعد گفتگو میں کہا کہ “یہ ہمارے لیے ایک اہم فتح تھی، دوسری اننگز میں گیند ٹرن ہورہی تھی، بیٹنگ کرنا آسان نہیں تھا۔” دیگر نمایاں بلے بازوں میں محمد رضوان 55، فخر زمان 45، صائم ایوب 39، حسین طلعت 22، محمد نواز 9، بابر اعظم 7 اور حسن نواز 1 رن بنا کر پویلین لوٹے۔ اختتامی لمحات میں شاہین شاہ آفریدی (4) اور نسیم شاہ (0) ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے نگیڈی، ڈونووین فریرا اور کوربن بوش نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقی ٹیم آخری اوور میں 263 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 63، یوہان ڈی پری ٹوریس نے 57 اور کپتان میتھیو برٹزکی نے 42 رنز بنائے۔ پاکستان کی بولنگ لائن کی قیادت کرتے ہوئے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، صائم ایوب نے 2 جبکہ شاہین آفریدی اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ سے قبل پاکستان کے نو منتخب کپتان شاہین شاہ آفریدی نے پریس کانفرنس میں فیصل آباد میں 17 سال بعد کرکٹ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ “فیصل آباد میں کرکٹ کی بحالی ایک شاندار موقع ہے، اور بابر اعظم کا فارم میں آنا ٹیم کے لیے خوش آئند ہے۔” سیریز کا دوسرا ون ڈے جمعرات 6 نومبر کو جبکہ تیسرا اور آخری میچ 8 نومبر (ہفتہ) کے روز کھیلا جائے گا۔

Advertisement