ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
فلائے دبئی کی ایک پرواز کے کو پائلٹ نے ۳۰ ستمبر کو دبئی سے تل ابیب جاتے ہوئے اسرائیل کے بن گوریون ہوائی اڈے پر دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل حمد سیف الشامسی نے یہ بات بتائی۔
اماراتی خبر رساں ادارے وام کے مطابق اٹارنی جنرل نے کہا: ”تحقیقات سے ثابت ہوا کہ عمانی قومیت کے حامل کو پائلٹ نے پیشگی منصوبہ بندی کے ساتھ دہشت گردانہ کارروائی کرنے کی کوشش کی۔ اس کا ارادہ طیارے پر قابو پا کر اسے خودکش حملے کے لیے استعمال کرنا تھا تاکہ تل ابیب کے بن گوریون ہوائی اڈے کے مسافر ٹرمینل پر زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچایا جا سکے۔ حملہ آور کو عملے اور مسافروں نے قابو کر لیا، جس کے بعد طیارے نے سعودی عرب میں ایمرجنسی لینڈنگ کی۔