تاریخ میں پہلی بار ظہران ممدانی نے نیویارک کے میئر کے عہدے کا قرآن پر حلف اٹھایا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
نیویارک میں ایک تاریخی موقع پر ظہران ممدانی نے سٹی ہال کے نیچے واقع سابق سب وے اسٹیشن میں نیویارک کے 111 ویں اور پہلے مسلمان میئر کے طور پر قرآن شریف پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھایا۔ اس تقریب میں نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے انہیں عہدے کا حلف دلایا۔ ظہران ممدانی نے تقریب کے دوران کہا کہ یہ لمحہ ان کے لیے زندگی بھر کا ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ تمام شہریوں کے لیے انصاف، مساوات اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ یاد رہے کہ 34 سالہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ امیدوار ظہران ممدانی نے میئر کے انتخابات میں تاریخی فتح حاصل کی تھی۔ انتخابی نتائج کے مطابق، ممدانی نے 50.78 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے حریف سابق گورنر اینڈریو کومو کو 41.6 فیصد ووٹ ملے تھے۔ اس کامیابی کے ساتھ ظہران ممدانی نیویارک کے میئر کے طور پر ایک نئی مثال قائم کرتے ہوئے نہ صرف شہر بلکہ امریکہ میں بھی مسلم قیادت کی نمائندگی کو مضبوط بنایا ہے۔