چیبوکسری ( صدائے روس)
روسی وزارت صحت کے زیرِ انتظام فیڈرل سینٹر آف ٹراماٹولوجی، آرتھوپیڈکس اینڈ اینڈوپروستھیسس (چیبوکسری) کا بین الاقوامی صحافیوں کے ایک وفد نے دورہ کیا۔ یہ پریس ٹور روسی وزارتِ خارجہ کے تعاون سے چُواشیا ریپبلک میں 3 دن جاری رہا، جس میں پاکستان، ترکی، قازقستان، ویتنام اور ہنگری سے تعلق رکھنے والے صحافی شامل تھے۔
وفد نے چُواشیا کی ثقافت، معیشت، صنعت اور سیاحت کے امکانات کے ساتھ ساتھ اس جدید طبی مرکز کی کارکردگی کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔ وفد کی رہنمائی مرکز کے چیف فزیشن، روسی اکیڈمی آف سائنسز کے پروفیسر ڈاکٹر نکولائی نیکولائیووچ نکولایف نے کی، جنہوں نے مختلف وارڈز، آپریشن یونٹس اور بحالی کے شعبہ جات کا معائنہ کروایا۔
وفد میں شامل پاکستانی صحافی صدائے روس کے ایڈیٹر اشتیاق ہمدانی نے موقع پر ہی سینٹر کے ڈاکٹروں سے طبی مشورہ لیا۔ ان کے مطابق:
> *”میں نے خود اپنی کمر کے مسئلے پر MRI کرانے اور تشخیص کے لیے ڈاکٹروں سے رجوع کیا۔ طبی عملے نے نہایت توجہ سے میرا معائنہ کیا MRI کی اور مفید مشورے دیے۔ یہ رویہ نہ صرف میرے ساتھ بلکہ ہر مریض کے ساتھ یکساں تھا، جس کا میں نے ذاتی طور پر مشاہدہ کیا۔”*
“یہ مرکز نہ صرف چُواشیا بلکہ پورے روس کا فخر ہے۔ جو خدمات یہاں انجام دی جا رہی ہیں، وہ عالمی معیار کی ہیں اور یہ ادارہ روس کے طبی وقار کا روشن چراغ ہے۔”
اشتیاق ہمدانی سے بات کرتے ہوئے فلسطین کے ایک نوجوان ڈاکٹر ربعی محمد نے بتایا کہ وہ روس کے ستراوپول ریجن سے اپنی تعلیم مکمل کر کے اب چیبوکسری کے اس مرکز میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ تربیت مکمل کرنے کے بعد ایک ماہر ٹرامیٹولوجسٹ بننا چاہتے ہیں اور خصوصی طور پر معذور افراد کو مصنوعی اعضا لگانے کے عمل میں مہارت حاصل کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ روس کا بہترین مرکز ہے جہاں دنیا کے مختلف ممالک سے آئے ہوئے طلبا و طالبات طب کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ روس ایک اچھا ملک ہے جہاں تعلیمی مواقع کافی زیادہ ہیں۔
اشتیاق ہمدانی نے فلسطین کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر ربعی محمد سے سوال کیا کہ جو فلسطینی طلبا یہاں سے تعلیم مکمل کرتے ہیں، کیا وہ واپس جا کر وہاں اپنی میڈیکل خدمات انجام دے رہے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں ڈاکٹر ربعی محمد نے بتایا کہ ہاں، کئی ایسے ڈاکٹرز ہیں جنہیں وہ ذاتی طور پر جانتے ہیں، جنہوں نے روس میں تعلیم حاصل کی اور پھر واپس جا کر فلسطین میں اپنی میڈیکل سروسز شروع کیں۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ خود روسی ماہرین بھی وہاں جا کر اپنی خدمات دے رہے ہیں، جو ایک متاثرکن بات ہے۔
یہ دورہ نہ صرف معلوماتی تھا بلکہ مختلف ممالک کے صحافیوں کو روس کے جدید اور انسانی بنیادوں پر قائم طبی نظام سے آشنائی کا باعث بھی بنا۔ اس مرکز نے عالمی سطح پر روس کی مثبت تصویر کو مزید مستحکم کیا ہے۔