روس کے سابق سفیر برائے پاکستان وکٹر یاكونین 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

Viktor Pavlovich Yakunin Viktor Pavlovich Yakunin

روس کے سابق سفیر برائے پاکستان وکٹر یاكونین 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ماسکو (صدائے روس)
روس کے سابق سفیر برائے پاکستان وکٹر پاولووچ یاكونین 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ روسی وزارتِ خارجہ کی پریس سروس کے مطابق ان کے انتقال کی اطلاع 6 نومبر 2025 کو دی گئی۔ وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا روس کی وزارتِ خارجہ کی قیادت گہرے رنج و غم کے ساتھ اطلاع دیتی ہے کہ 6 نومبر 2025 کو غیر معمولی و مکمل اختیارات کے حامل سفیر وکٹر پاولووچ یاكونین وفات پا گئے۔ وکٹر یاكونین 18 جنوری 1931 کو ماسکو میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1953 میں ماسکو انسٹیٹیوٹ آف اورینٹل اسٹڈیز سے تعلیم مکمل کی اور اپنی پوری زندگی سفارتی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ وہ زیادہ تر جنوبی ایشیائی خطے میں تعینات رہے۔ 1977 سے 1984 تک انہوں نے بھارت میں سوویت سفارت خانے میں مشیر کے طور پر خدمات انجام دیں اور بعد ازاں سوویت وزارتِ خارجہ کے جنوبی ایشیائی ممالک کے شعبے کے سربراہ مقرر ہوئے۔
1988 سے 1992 تک وہ پاکستان میں سوویت یونین کے سفیر رہے، جبکہ 1992 سے 1993 تک انہوں نے روس کے پہلے سفیر کے طور پر پاکستان میں خدمات انجام دیں۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق، وکٹر یاكونین نے روس، پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کے فروغ میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔
انہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں “ویلینٹ لیبر میڈل” (لینن کی 100ویں سالگرہ کی یاد میں)، سپریم سوویت کے پریزیڈیم کا اعزازی سرٹیفکیٹ اور “ویٹرن آف لیبر” کا تمغہ عطا کیا گیا۔ وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وکٹر پاولووچ یاكونین کی یاد ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گی۔

Advertisement