عراق جنگ کے بانی اور سابق امریکی نائب صدر ڈک چینی انتقال کرگئے

Dick Cheney Dick Cheney

عراق جنگ کے بانی اور سابق امریکی نائب صدر ڈک چینی انتقال کرگئے

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکا کے سابق نائب صدر ڈک چینی 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق وہ طویل عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے، جبکہ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی موت نمونیا کے باعث ہوئی۔ ڈک چینی نے 2001 سے 2009 تک صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس سے قبل وہ صدر جارج ایچ ڈبلیو بش (1989–1993) کے دور میں وزیرِ دفاع رہے، جب کہ ریپبلکن صدور کے ادوار میں وہ وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف سمیت کئی اہم عہدوں پر فائز رہے۔ 11 ستمبر 2001 کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور پینٹاگون پر حملوں کے دوران جب صدر بش کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا تو اس موقع پر وائٹ ہاؤس کا انتظامی کنٹرول عارضی طور پر ڈک چینی نے سنبھالا۔ ڈک چینی کو امریکی تاریخ کا سب سے طاقتور نائب صدر قرار دیا جاتا ہے، کیونکہ وہ نسبتاً ناتجربہ کار صدر جارج بش جونیئر کے مقابلے میں زیادہ تجربہ رکھتے تھے اور فیصلوں پر نمایاں اثر رکھتے تھے۔ انہیں 2003 کی عراق جنگ کے معماروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ ان کی بیٹی الزبیتھ لین چینی (Liz Cheney) بھی ایک معروف سیاستدان اور اٹارنی ہیں، جو ماضی میں امریکی ایوان نمائندگان کی رکن رہ چکی ہیں۔