ناران کاغان میں یخ بستہ ہوائیں، پالا اور برفانی سردی سے معمولاتِ زندگی متاثر

Naran Naran

ناران کاغان میں یخ بستہ ہوائیں، پالا اور برفانی سردی سے معمولاتِ زندگی متاثر

اسلام آباد (صداۓ روس)
وادیٔ کاغان اور ناران میں شدید سردی اور خون جما دینے والی ہواؤں نے نظامِ زندگی کو خاصا متاثر کر دیا ہے۔ شدید یخ بستگی کے باعث رات کے وقت درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے چلا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں پالا (کورا) جم جاتا ہے اور سڑکیں نہایت پھسلن کا شکار ہو جاتی ہیں۔ اس صورتحال نے مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی سفر کے دوران شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ محکمہ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (KDA) کے ڈائریکٹر جنرل شبیر خان کی ہدایات پر راجوال سے ناران شہر اور جھیل سیف الملوک روڈ تک مختلف مقامات سے پالا اور کیچڑ کی صفائی کا عمل جاری ہے۔ خطرناک موڑوں اور اترائی والے حصوں پر نمک کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے تاکہ پھسلن کم ہو اور گاڑیوں کی آمدورفت میں آسانی پیدا کی جا سکے۔ محکمہ کے مطابق شدید سردی کے باعث رات کے اوقات میں چھوٹی گاڑیوں کو ناران روڈ پر سفر کرتے ہوئے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکام نے سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ یخ بستہ موسم میں احتیاط سے ڈرائیونگ کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔