جنرل آندرے مورڈوویچف روس کی بری فوج کے نئے کمانڈر انچیف مقرر
ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن کی منظوری سے کرنل جنرل آندرے مورڈوویچف کو روس کی بری فوج (گراؤنڈ فورسز) کا نیا کمانڈر انچیف مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ اولیگ سالیووف کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے، جنہیں حال ہی میں روس کی سلامتی کونسل کا نائب سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ روسی وزارتِ دفاع کے مطابق وزیر دفاع آندرے بیلوسوف نے بری فوج کا پرچم کرنل جنرل مورڈوویچف کے حوالے کیا اور انہیں گراؤنڈ فورسز کے اعلیٰ افسران سے متعارف کرایا۔ وزارتِ دفاع کے سرکاری اخبار ’کراسنایا زویزدا‘ (سرخ ستارہ) نے لکھا کہ خصوصی فوجی آپریشن کے دوران کرنل جنرل مورڈوویچف کی قیادت میں بیٹل گروپ سینٹر نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
مورڈوویچف 14 جنوری 1976 کو قازقستان کے شہر پاؤلو دار میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1997 میں نووسیبیرسک ہائر کمانڈ اسکول اور 2006 میں روسی مسلح افواج کی کمبائنڈ آرمز اکیڈمی سے گریجویشن کیا۔ 2017 سے 2019 تک وہ وسطی فوجی ضلع (سینٹرل ملٹری ڈسٹرکٹ) کی ایک آرمی کے چیف آف اسٹاف اور پہلے نائب کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ 2022 سے 2023 تک جنوبی فوجی ضلع کے نائب کمانڈر اور بعد ازاں 2023 میں وسطی فوجی ضلع کے کمانڈر مقرر ہوئے۔
انہیں روس کے اعلیٰ ترین اعزاز “ہیرو آف رشیا” کے علاوہ متعدد دیگر فوجی اعزازات سے نوازا گیا ہے، جن میں “آرڈر فار میرٹس ٹو دی فادر لینڈ (چوتھی ڈگری)”, “آرڈر آف الیگزینڈر نیوسکی”, “آرڈر آف ژوکوو”, “آرڈر آف کریج”, اور “آرڈر فار ملٹری میرٹس” شامل ہیں۔
یہ تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب روسی افواج یوکرین میں جاری فوجی کارروائیوں میں سرگرم ہیں، اور بری فوج کے کردار کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی عسکری قیادت کو نئے اہداف سونپے جا رہے ہیں۔