سویڈن کا تھائی لینڈ کو چار گریپن لڑاکا طیارے فروخت کرنے کا معاہدہ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
سویڈن نے اعلان کیا ہے کہ اس نے تھائی لینڈ کو چار جدید گریپن لڑاکا طیارے فروخت کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے۔ سویڈش دفاعی سازوسامان کی انتظامیہ کے سربراہ میکیل گرن ہولم نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف سویڈن اور تھائی لینڈ کے دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ گریپن طیارہ ساز پروگرام کے طویل المدتی ترقیاتی امکانات کو بھی تقویت دے گا۔ تفصیلات کے مطابق یہ معاہدہ پانچ اعشاریہ تین ارب سویڈش کرون (تقریباً پانچ سو چھپن ملین ڈالر) مالیت کا ہے، جس کے تحت تھائی لینڈ کو تین گریپن ای ماڈل اور ایک گریپن ایف ماڈل طیارے فراہم کیے جائیں گے۔ معاہدے میں جدید سازوسامان، معاونت اور تربیتی سہولیات بھی شامل ہیں۔
سااب کمپنی کے مطابق ان طیاروں کی ترسیل 2025 سے 2030 کے درمیان مختلف مراحل میں مکمل کی جائے گی۔ سویڈن کی جانب سے یہ اقدام اس کی دفاعی صنعت کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ گریپن طیارے دنیا کے مختلف خطوں میں اپنی کارکردگی اور لاگت کے اعتبار سے مقبولیت حاصل کر چکے ہیں۔ ادھر تھائی لینڈ نے اس معاہدے کو اپنی فضائیہ کی صلاحیت میں اہم اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ترین گریپن طیاروں کی شمولیت سے ملک کی دفاعی تیاریوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔ تھائی حکام کے مطابق یہ طیارے خطے میں فضائی توازن قائم رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔