اسلام آباد (صدائے روس)
حکومتِ پاکستان نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت پوری ہونے کے باوجود، ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ان کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ آپریشن “بنیان مرصوص” میں ان کے کلیدی کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا، جس میں انہوں نے ملک کی فضائی دفاع کو بھرپور انداز میں منظم کیا اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کئی تاریخی فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم نے پوری قوم کو “معرکہ حق” میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ آپریشن “بنیان مرصوص” کے دوران دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر پوری قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
بیان کے مطابق، وفاقی کابینہ میں کہا گیا کہ پاکستان نے حالیہ دنوں میں اپنی تاریخ کے ایک انتہائی کٹھن مرحلے سے کامیابی کے ساتھ عبور کیا۔
وفاقی کابینہ نے انکشاف کیا کہ 6 اور 7 مئی 2025 کی رات، بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال اور بلا جواز جنگ مسلط کی، جس میں نہتے شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔
کابینہ نے دشمن کی اس جارحیت کو پاکستان کی خود مختاری اور سرحدی سالمیت پر حملہ قرار دیا اور اس کی شدید مذمت کی۔
کابینہ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے غیر معمولی جرأت، قیادت اور عسکری حکمتِ عملی کے ذریعے پاک فوج کی قیادت کی اور مختلف مسلح افواج کی کارروائیوں کو ایک مربوط اور فیصلہ کن شکل دی۔
جنرل سید عاصم منیر کی شاندار عسکری حکمت عملی، دلیری اور بے مثال قیادت کے نتیجے میں پاکستان نے معرکہ حق میں تاریخی فتح حاصل کی۔
وزیرِ اعظم کی جانب سے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے اعلیٰ عسکری عہدے پر ترقی دینے کی تجویز دی گئی، جسے کابینہ نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ بعد ازاں، وزیرِ اعظم نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے انہیں اس اہم فیصلے پر اعتماد میں لیا۔
وفاقی کابینہ نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت مکمل ہونے پر ان کی دفاعی خدمات کے تسلسل کو جاری رکھنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا۔
کابینہ نے فیصلہ کیا کہ آپریشن “بنیان مرصوص” میں حصہ لینے والے افواجِ پاکستان کے افسران، جوان، غازی، شہداء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو ان کی بہادری اور قربانیوں کے اعتراف میں اعلیٰ سرکاری اعزازات سے نوازا جائے گا۔