اشتیاق ہمدانی — گروزنی
اگست 23 کی شام گروزنی کے مرکزی چوک میں احمد حاجی قادیروف کی یاد میں نشیدوں کی بڑی محفل منعقد ہوئی۔ چیچن جمہوریہ اور گروزنی کے ثقافتی اداروں سے وابستہ گلوکاروں اور فنکاروں نے شرکت کی۔ تقریب میں بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔ احمد حاجی قادیروف فاؤنڈیشن کی جانب سے شرکاء کے لیے مفت کھانے اور دیگر ضیافتوں کا بھی انتظام کیا گیا۔ سالگرہ سے ایک روز قبل گروزنی کے میخائل لیرمونتوف اسٹیٹ رشین ڈرامہ تھیٹر میں خصوصی شامِ یاد منعقد کی گئی۔ تھیٹر کے فنکاروں، چیچن اسٹیٹ فلہارمونک اور مقامی فنکاروں نے پروگرام میں حصہ لیا۔ اس موقع پر احمد قادیروف کی کتاب “میرا راستہ” میں شامل ان کی تحریروں اور خیالات کو بھی پیش کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد ان کی سیاسی زندگی کے ساتھ ان کے فکری اور انسانی پہلو کو نئی نسل کے سامنے لانا تھا۔


75ویں سالگرہ کی تقریبات محض سرکاری اجتماعات یا ثقافتی پروگراموں تک محدود نہیں رہیں۔ چیچنیا کے مختلف اضلاع میں احمد حاجی قادیروف کے نام سے قائم فاؤنڈیشن اور سرکاری اداروں نے بڑے پیمانے پر فلاحی سرگرمیاں انجام دیں۔ چیچن وزارتِ زراعت نے قربانی کا اہتمام کیا اور گوشت ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیا۔ مختلف علاقوں میں مستحق افراد کی امداد، اجتماعی کھانوں اور دیگر فلاحی منصوبوں کا انتظام کیا گیا۔ ایسی سرگرمیاں جمہوریہ کے متعدد اضلاع میں منعقد ہوئیں۔ گروزنی میں تعمیراتی کارکنوں کے لیے بھی خصوصی خیراتی کھانے کا اہتمام کیا گیا، جبکہ بچوں، خصوصاً فوجی اہلکاروں کے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لیے تھیٹر کا خیراتی شو پیش کیا گیا۔