سانحہ گل پلازہ: لاپتہ افراد کی تعداد 81 ہو گئی، مزید 10 کا اضافہ
کراچی (صداۓ روس)
ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ سینٹر میں لگنے والی شدید آگ کے سانحے میں لاپتہ افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق اب لاپتہ افراد کی تعداد 81 ہو چکی ہے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک 26 اموات کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے 18 لاشوں کی شناخت ہو گئی ہے۔ لاپتہ افراد میں سے 8 لاشیں ایسی ہو سکتی ہیں جن کی اب تک شناخت نہیں ہو سکی۔ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ رات کے وقت 2 مزید لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور اور پہلی منزل کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کی فہرست کے مطابق تعداد 81 ہے، تاہم کچھ نام دو دفعہ شامل ہیں جس کی وجہ سے فی الحال 74 لاپتہ افراد کی تصدیق ہو چکی ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق کے مطابق سول اسپتال میں اب تک 20 لاشوں کے ڈی این اے سیمپل لیے جا چکے ہیں جبکہ 48 خاندانوں نے اپنے ڈی این اے سیمپل جمع کروا دیے ہیں۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ سندھ فرانزک ڈی این اے لیبارٹری جامعہ کراچی میں اگلے تین دنوں تک کراس میچنگ کا عمل جاری رہے گا تاکہ تمام لاشوں کی شناخت مکمل کی جا سکے۔ علاوہ ازیں گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کا اجلاس آج منعقد ہوگا۔ کمیٹی اس سانحے کی وجوہات، حفاظتی اقدامات کی کمی اور ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔