لاہور میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، شہریوں کو شدید مشکلات
اسلام آباد (صداۓ روس)
لاہور میں بدھ کی صبح سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش نے شہر بھر کو لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے۔ شدید بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ متعدد مقامات پر گاڑیاں بند ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اب تک 100 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، اور آئندہ چند گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ایم ایم عالم روڈ، گلبرگ، لکشمی چوک، ریواز گارڈن، سمن آباد، مزنگ اور فیصل ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
واسا حکام کے مطابق تمام نکاسی آب کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور پانی کی نکاسی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کا نظام کمزور ہونے کی وجہ سے ہر بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے، جبکہ اسکول و دفاتر جانے والے افراد کو دیر کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ ہر بار بارش کے بعد یہ بدترین صورتحال نہ پیدا ہو۔