راولپنڈی اسلام آباد میں شدید بارش، نالہ لئی میں طغیانی، تعطیل کا اعلان
اسلام آباد (صداۓ روس)
راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ رات سے جاری موسلادھار بارش نے نشیبی علاقوں میں صورتحال سنگین بنا دی ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے راولپنڈی میں ایک روزہ تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن چیمہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شہریوں کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔ گوالمنڈی پل پر پانی کی سطح 23 فٹ جبکہ کٹاریاں کے مقام پر 22 فٹ تک پہنچ چکی ہے۔ نشیبی علاقوں میں گلیاں اور سڑکیں زیر آب آ گئی ہیں جبکہ اندرون شہر کے متعدد علاقے سیلابی کیفیت اختیار کر چکے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، واسا، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس سمیت تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھنے پر خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں جبکہ مساجد سے اعلانات کے ذریعے شہریوں کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
دوسری جانب شدید بارش نے ٹریفک کا نظام بھی مفلوج کر دیا ہے، کئی اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث گاڑیوں کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں، ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 یا متعلقہ محکمے سے فوری رابطہ کریں، اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔