لاہور اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشیں،11 افراد جاں بحق
لاہور(صداۓ روس)
لاہور اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے، تاہم بعض علاقوں میں شدید بارش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے ہیں۔ تاجپورہ میں سب سے زیادہ 87 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ لکشمی چوک میں 81، قرطبہ چوک میں 70، نشتر ٹاؤن میں 68 اور گلبرگ میں 63 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ واسا حکام کے مطابق، کئی علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہو چکا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ بارش کے باعث حبس میں نمایاں کمی آئی ہے، تاہم بعض مقامات پر پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، ملک بھر میں 17 جولائی تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں شدید موسلا دھار بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ پنجاب کے دیگر شہروں قصور، چیچہ وطنی، اوکاڑہ، پاکپتن، شیخوپورہ، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، جہلم اور سیالکوٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکپتن اور قصور میں شدید بارش کے باعث سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، کئی علاقوں میں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پانی میں ڈوب گئیں، جبکہ دکانوں میں بھی پانی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق، مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 افراد جاں بحق اور 92 زخمی ہو چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔