دریائے راوی اور چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، شاہدرہ اور قادرآباد کو خطرہ
اسلام آباد (صداۓ روس)
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف مقامات پر دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے، جہاں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح جسٹر کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے جہاں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 28 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ بلوکی کے مقام پر بھی پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہے اور سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب میں قادرآباد کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے تاہم پانی کے بہاؤ میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے، یہاں بہاؤ کم ہو کر 9 لاکھ 1 ہزار 500 کیوسک ہوگیا ہے۔ اسی طرح خانکی پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے مگر یہاں بھی پانی کے بہاؤ میں کمی واقع ہوئی ہے اور بہاؤ 7 لاکھ 22 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ نے دریاؤں کے کنارے آباد آبادیوں کو چوکس رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔