پاکستان نے بھارتی رافیل طیارے کیسے گرائے، برطانوی رپورٹ میں انکشافات
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ معرکہ حق میں شاندار فتح ملنے کے بعد رواں سال جشن آزادی منانےکا انداز نہایت فاتحانہ ہے۔ معرکہ حق کے زیر سایہ ہونےوالے آپریشن بنیان المرصوص میں پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ وارانہ کارکردگی نے بھی آزادی کے جشن کو مزید چار چاند لگا دیئے ہیں۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے: فضاء کے شاہ سوار ہے ہم مثال ذوالفقار ہم :کے مصداق دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں کے محیرالعقول کارنامے آج بھی عالمی میڈیا کی شہ سرخیوں کی زنیت ہیں۔ پاکستان اور بھارت کی مئی دوہزار پچیس کی جنگ معرکہ حق میں پاک فضائیہ کی فضائی برتری کو دنیا بھر کی ائیر فورسز میں بطور سٹڈی کیس زیر بحث ہے۔ جنگ عظیم دوئم کے بعد دنیا کی سب سے بڑی فضائی جھڑپ جس میں پاکستان اور بھارت کے ایک سو دس لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا۔ اس فضائی جھڑپ کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ تاریخ کی پہلی بی وی آر فضائی لڑائی بھی تھی جس میں دشمن طیاروں کو بغیر سامنا کئے دوسو کلومیٹر دور سے تباہ کرنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستان نے بھارتی رافیل طیارے کیسے گرائے، برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز کی جانب سے نئی رپورٹ میں حیرت انگیز انکشافات کیے گئے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پی ایل 15 میزائلوں نے بھارتی رافیل طیاروں کو نشانہ بنایا، بھارتی پائلٹ سمجھ رہے تھے کہ وہ پاکستانی میزائلوں کی رینج سے دور ہیں۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ 7 مئی کی رات کو پاکستان ایئرفورس کے ریڈار پر بھارتی طیارے نمودار ہوئے، ریڈارسگنل ملتے ہی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے جدید ترین لڑاکا طیارے جے 10 سی اڑانے کا حکم دیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے بھارتی لڑاکا طیارےرافیل کو نشانہ بنانے کے خصوصی احکامات جاری کیے، وہ کئی روز سے کنٹرول روم میں سوتے تھے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بھارتی رافیل گرنے میں غلطی بھارتی انٹیلی جنس کی تھی رافیل کی نہیں، بھارتی پائلٹ سمجھ رہے تھے کہ وہ پاکستان کے پی ایل 15 میزائلوں کی رینج سے دور ہیں۔رائٹرکا کہنا ہے کہ بھارتی پائلٹوں کو توقع نہیں تھی کہ اتنی دور سے بھی وہ نشانہ بن سکتے ہیں، پی ایل 15 میزائلوں نے 200 کلومیٹر دور سے ہی بھارتی طیاروں کو مار گرایا۔ رپورٹ کے مطابق جے 10 سی طیارے ریڈار سے براہ راست معلومات لے رہے تھے، پاکستانی طیارے اپنے ریڈار آف کرکے بھارتی سرحد کے قریب پرواز کر رہے تھے، ریڈار آف ہونے کے باعث پاکستانی طیارے بھارتی ریڈار پر نظر نہیں آرہے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت بھی اب پاکستان جیسا فضائی سسٹم بنانا چاہتا ہے،لیکن بھارت کے طیارے مختلف ملکوں کے بنے ہونے کے باعث مشکلات ہیں، اس جنگ میں فتح اس کی ہوئی جس کے پاس سب سے بہتر معلومات تھیں۔رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا، جو پہلے رافیل طیاروں کا آرڈر دے چکا تھا، اب وہ جے-10 سی خریدنے پر غور کر رہا ہے ،،جو چین کے لیے اپنی دفاعی برآمدات بڑھانے کی بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔۔
بھارت نے پاکستان پر حملے کیلئے 70 طیارے روانہ کیے، پاکستان کے پاس نشانہ بنانے کیلئے بھارتی طیاروں کی کمی نہیں تھی، پاکستان نے بھارتی ریڈار جام کیے جس سے رافیل کے پائلٹ صورتحال سے لاعلم رہے۔بھارتی جنگی طیاروں کا یوں کھلونوں کی طرح تباہ ہونا ان کی فضائی تیاریوں اور حکمت عملی پر سنجیدہ سوالات اٹھا رہا ہے-