ماؤنٹ ایورسٹ پر طوفانی بارشوں اور برفباری سے 47 افراد جاں بحق، درجنوں لاپتہ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق ماؤنٹ ایورسٹ کے مشرقی حصے میں شدید برفباری کے باعث لگ بھگ ایک ہزار کوہ پیما پھنس گئے ہیں، جب کہ ریسکیو ٹیمیں تقریباً پانچ ہزار میٹر (16,400 فٹ) کی بلندی پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ جمعے کی شب سے شروع ہونے والی بھاری برفباری ہفتے تک جاری رہی، جس نے 4,200 میٹر (13,800 فٹ) کی اوسط بلندی پر موجود راستوں اور کیمپ سائٹس کو مکمل طور پر ڈھانپ دیا۔ کچھ علاقوں سے رابطہ تاحال منقطع ہے، جب کہ درجنوں خیمے برف کے نیچے دب گئے یا تباہ ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کوہ پیما گہری برف میں راستہ بناتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں، بعض نے عارضی پناہ گاہیں بھی قائم کر لی ہیں۔ درجنوں مقامی دیہاتی اور امدادی کارکن راستے کھولنے کے لیے تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ ہفتے کی شب سے “ایورسٹ سینک ایریا” میں داخلے کے ٹکٹوں کی فروخت معطل کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب نیپال کے نچلے علاقوں میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعے سے اب تک کم از کم 47 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔ مشرقی ضلع ایلم میں بھارتی سرحد کے قریب مٹی کے تودے گرنے سے 35 افراد ہلاک ہوئے، نو افراد سیلابی ریلوں میں بہہ گئے، جبکہ تین افراد بجلی گرنے سے جان کی بازی ہار گئے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں اور کمزور زمینی صورتحال کے باعث مزید تودے گرنے اور حادثات کا خطرہ برقرار ہے، جب کہ خراب موسم ریسکیو کارروائیوں میں شدید رکاوٹ بن رہا ہے۔