بھارت نے پانی پر حرکت کی تو سبق سکھائیں گے، شہباز شریف
اسلام آباد صداۓ روس)
وزیراعظم شہباز شریف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ دشمن کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ پاکستان کے حصے کا پانی کسی صورت نہیں چھین سکتا۔ اسلام آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے پانی کے معاملے پر کسی قسم کی حرکت کی تو اسے ایسا سبق سکھایا جائے گا جو وہ عمر بھر یاد رکھے گا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ چار روز کی حالیہ جنگ کے بعد ایک نیا پاکستان جنم لے چکا ہے۔ پاکستانی افواج نے بھارتی فوج کو عبرتناک شکست دے کر تاریخ رقم کی۔ وزیر اعظم کے مطابق، پاکستانی فضائیہ نے 4 رافیل طیاروں سمیت مجموعی طور پر 6 بھارتی جنگی جہاز مار گرائے، جبکہ بھارت کو ایسی کاری ضرب لگائی گئی جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی فوجی طاقت کا غرور 10 مئی کو سمندر برد کر دیا گیا، اور اب بھارت پاکستان کے حصے کا ایک بوند پانی بھی نہیں چھین سکتا۔
شہباز شریف نے اپنی تقریر میں تحریکِ پاکستان کی تاریخ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ تاریخ میں چند ہی شخصیات ایسی ہیں جنہوں نے اس کا رخ بدلا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جدوجہد میں اقلیتی بہن بھائی بھی شریک تھے اور قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں لاکھوں مسلمانوں نے تحریکِ پاکستان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ان کے مطابق زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے پاکستان کے قیام کے لیے قربانیاں پیش کیں۔