پاک- روس اعلی وفود کے درمیان اہم ملاقات، پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی پر گفتگو
اشتیاق ہمدانی (صداۓ روس)
یکترنبرگ میں جاری سالانہ صنعتی فورم “اننوپروم” کے موقع پر وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے روس کے وزیر تجارت و صنعت انتون الیخانوف سے دو طرفہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون بڑھانے اور تجارتی فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے تکنیکی پہلوؤں پر تفصیل سے غور کیا، تاکہ پاکستان میں جدید ترین دھات سازی کا ایک اعلیٰ معیار کا صنعتی مرکز قائم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ مشترکہ صنعتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بھی زیر بحث لایا گیا۔
پاکستانی وفد نے روسی حکام کو حکومت پاکستان کی نئی صنعتی پالیسی سے آگاہ کیا، جو سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتی ہے۔ ہارون اختر خان نے روسی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ ریلوے انجن، برقی بسوں، کھاد، دواسازی، اور زرعی مشینری جیسے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لیں اور ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ واضح رہے یہ ملاقات پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی اور صنعتی تعلقات کی ایک اہم کڑی قرار دی جا رہی ہے، جو مستقبل میں دونوں ممالک کے لیے معاشی ترقی کے نئے دروازے کھول سکتی ہے۔