خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

بھارت: گجرات میں 40 سال پرانا پل گرنے سے متعدد گاڑیاں دریا میں جاگریں

India bridge collapsed

بھارت: گجرات میں 40 سال پرانا پل گرنے سے متعدد گاڑیاں دریا میں جاگریں

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارتی ریاست گجرات میں بدھ کی صبح ایک افسوسناک واقعے میں گمبھیرا نامی پل کا ایک حصہ اچانک گر گیا، جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں دریا میں جاگریں اور کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ این ڈی ٹی وی اور دیگر بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پل پر عام ٹریفک جاری تھی، اور پُل کی خستہ حالی کے باوجود کوئی حفاظتی اقدام نہیں کیا گیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ اب تک صرف تین افراد کو زندہ نکالا جا سکا ہے، جبکہ باقی لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کو تیز بہاؤ اور پُل کے ملبے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ یہ پل گزشتہ کئی برسوں سے خستہ حالی کا شکار تھا اور اہل علاقہ متعدد بار اس کی مرمت کے لیے حکام سے رجوع کر چکے تھے، لیکن ان کی فریادوں پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا۔ اس غفلت کے باعث آج قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ وزیر اعلیٰ گجرات بھوپیندر پٹیل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ روڈ اینڈ بلڈنگ کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ یہ واقعہ بھارت میں خستہ حال انفراسٹرکچر اور سرکاری غفلت پر ایک اور سوالیہ نشان بن کر سامنے آیا ہے، جہاں اس سے قبل بھی متعدد پلوں کے گرنے اور قیمتی جانوں کے ضیاع کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ عوامی حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ صرف تحقیقات کافی نہیں بلکہ عملی اصلاحات اور احتساب ضروری ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔

شئیر کریں: ۔