اسلام آباد (صدائے روس)
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اور معروف کرکٹ تجزیہ کار رمیز راجہ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کرکٹ کے میدان میں بزدلانہ کارروائی کی، جب کہ پاکستان نے ہر مشکل کے بعد خود کو ہیرو ثابت کیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے زیر اہتمام “یوم تشکر” کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ حالیہ واقعات کے بعد پاکستان ایک متحد قوم کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ صرف چار دن میں پوری قوم نے یکجہتی، حوصلے اور اعتماد کا مظاہرہ کیا، جو قابلِ فخر ہے۔
رمیز راجہ نے بھارت کے رویے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کرکٹ جیسے مہذب کھیل کو سیاست کی نذر کیا اور میدانِ کرکٹ پر حملہ کرکے اپنی ذہنیت واضح کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ “کوئی بھی خاندانی اور باوقار قوم نہ پانی پر حملہ کرتی ہے، نہ ہی کھیل کے میدانوں پر۔”
انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں پریشر ہمیشہ رہتا ہے، لیکن عظیم کھلاڑی وہی بنتے ہیں جو دباؤ کا سامنا کرکے ابھرتے ہیں۔ اسی طرح پاکستانی قوم نے حالیہ مشکلات میں جس اتحاد اور وقار کا مظاہرہ کیا، وہ دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ کرکٹ پاکستان کی عالمی پہچان ہے، اور یہ ہماری عزت، وقار اور قومی جذبے کی علامت ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ہر فرد کو کرکٹ کا اسٹیک ہولڈر سمجھا جائے، اور یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ کرکٹ کو بلندیوں تک پہنچایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں افسوس ہے کہ پاکستان کئی دیگر شعبوں میں ترقی نہ کر سکا، لیکن کرکٹ واحد شعبہ ہے جس نے قوم کو فخر دیا۔ اب وقت آ چکا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز متحد ہو کر کرکٹ کو مزید بلند کریں، تاکہ پاکستان کا پرچم کھیل کے میدانوں میں ہمیشہ بلند رہے۔
رمیز راجہ کی جانب سے دی گئی یہ تقریر نہ صرف کرکٹ بلکہ قومی یکجہتی، حوصلے اور حب الوطنی کا عکاس پیغام تھی، جو نوجوان نسل کو بھی کھیل کے میدان میں اپنی پہچان بنانے کی ترغیب دیتی ہے۔