نئی دہلی دھماکے کے بعد بھارت نے پاکستان کی سرحد پر ہائی الرٹ کردیا

Indian Solider Indian Solider

نئی دہلی دھماکے کے بعد بھارت نے پاکستان کی سرحد پر ہائی الرٹ کردیا

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں لال قلعہ کے قریب خوفناک کار دھماکے کے بعد بھارت نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی سرحدوں پر ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے۔ انڈیا ٹوڈے ٹی وی کے مطابق بارڈر سیکیورٹی فورسز نے گشت بڑھا دیا ہے اور سرحدی علاقوں میں نگرانی سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے کو روکا جا سکے۔ وزیراعظم نریندر مودی کو اس افسوسناک واقعے کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی گئی ہے۔ انہوں نے واقعے کے فوراً بعد وزیر داخلہ امیت شاہ سے رابطہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔
پیر کی شام نئی دہلی کے تاریخی لال قلعہ کے قریب ٹریفک سگنل پر کھڑی ایک گاڑی میں زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوئے۔ دھماکے کی نوعیت تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے اور پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اولڈ دہلی کا علاقہ غیر ملکی سیاحوں میں بھی مقبول ہے اور واقعے کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر فورنزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔