بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے ،وزیراعظم
اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے۔ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ ہم اپنے وسائل سے ہم آہنگی کے ساتھ آبی ذخائر کی تعمیر کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے۔ اسلام آباد میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے خود کو تیار کرنا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی ثالثی عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل یا ختم نہیں کر سکتا۔ ہم اپنے وسائل سے ہم آہنگی کے ساتھ آبی ذخائر کی تعمیر کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں انتہائی کم کردار ہونے کےباوجود پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ملکوں میں ہوتا ہے۔2022کے سیلاب میں بہت نقصان ہوا۔ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کرنی ہے۔ محمد شہباز شریف نے سانحہ سوات میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہوکر ہمیں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے حکمت عملی مرتب کرنی ہے۔ این ڈی ایم اے صوبوں کے ساتھ مل کر لائحہ عمل تشکیل دے۔ وزیراعظم نے قدرتی آفات سے نمٹنے، خطرات سے آگاہی اور بروقت معلومات کی فراہمی کے لئے این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کثیر المقاصد قومی ادارے کی استعدادکار میں مزید اضافہ کریں گے۔ اس موقع پر نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے مون سون بارشوں ، ممکنہ سیلابی صورتحال اور ادارے کی حکمت عملی کے بارے میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کو تفصیلی بریفنگ دی۔