بھارتی فضائیہ نے تمام تیجس لڑاکا طیاروں کو عارضی طور پر گراؤنڈ کردیا

tejas tejas

بھارتی فضائیہ نے تمام تیجس لڑاکا طیاروں کو عارضی طور پر گراؤنڈ کردیا

ماسکو (صداۓ روس)
بھارتی فضائیہ نے مقامی طور پر تیار کردہ لڑاکا طیارے تیجس (Tejas) کے پے در پے حادثات کے بعد اپنے زیر استعمال تمام 35 تیجس طیاروں کو عارضی طور پر گراؤنڈ کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 7 فروری کو ہونے والے تازہ ترین حادثے کے بعد فضائیہ نے طیاروں کی مکمل تکنیکی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔
حادثے کی حتمی وجہ اب تک سامنے نہیں آ سکی ہے۔ معائنوں میں لینڈنگ گیئر کی دھاتوں کا تجزیہ، الیکٹرو میگنیٹک بریکنگ سسٹم اور آن بورڈ سافٹ ویئر کی جانچ شامل ہے۔ 7 فروری کے واقعے میں سنگل سیٹ تیجس طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں پائلٹ کو چوٹیں آئیں تاہم وہ محفوظ رہا۔ طیارے کا ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ہے اور اسے ناقابل استعمال قرار دیا جا سکتا ہے۔
یہ تیجس کا 2016 میں بھارتی فضائیہ میں شمولیت کے بعد تیسرا بڑا حادثہ ہے۔ پہلا حادثہ مارچ 2024 میں جیسلمیر کے قریب فائر پاور مظاہرے سے واپسی کے دوران پیش آیا تھا جب پائلٹ بحفاظت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا۔ دوسرا واقعہ نومبر 2025 میں دبئی ایئر شو کے دوران فضائی کرتب دکھاتے ہوئے ہوا جس میں پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔
بھارتی طیارہ ساز کمپنی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (HAL) نے 7 فروری کے واقعے کو بڑا حادثہ قرار دینے کے بجائے “معمولی تکنیکی خرابی” قرار دیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کے تحت تفصیلی تجزیہ کیا جا رہا ہے اور جلد مسئلے کے حل کے لیے بھارتی فضائیہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔ HAL نے دعویٰ کیا ہے کہ تیجس عالمی سطح پر ہم عصر لڑاکا طیاروں کے مقابلے میں بہترین حفاظتی ریکارڈ رکھنے والے طیاروں میں شمار ہوتا ہے۔
بھارتی فضائیہ نے تیجس کے 180 ایڈوانس ورژن طیاروں کا آرڈر دیا ہوا ہے۔ حالیہ حادثات کے بعد تیجس پروجیکٹ کی تکنیکی اور حفاظتی صلاحیتوں پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔