بھارتی فضائیہ کا جیگوار لڑاکا طیارہ راجستھان میں گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارتی ایئر فورس کا ایک جیگوار فائٹر طیارہ راجستھان کے ضلع چھرو میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے کا پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر جہاز کا ملبہ بکھرا ہوا پایا گیا، جہاں سے پائلٹ کی لاش بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ بھارتی فضائیہ نے طیارہ حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ معمول کی پرواز کے دوران پیش آیا۔ فوری طور پر حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جیگوار لڑاکا طیارہ بھارتی فضائیہ کا ایک پرانا مگر اب بھی فعال جنگی طیارہ ہے، جو زمینی حملوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل بھی بھارت میں جیگوار اور دیگر جنگی طیاروں کے حادثات پیش آ چکے ہیں، جن پر سیکیورٹی و تکنیکی سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔
واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملبہ ہٹانے اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔