بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور کامیڈین گوردھن اسرانی انتقال کرگئے

Govardhan Asrani Govardhan Asrani

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور کامیڈین گوردھن اسرانی انتقال کرگئے

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور کامیڈین گوردھن اسرانی، جو مداحوں میں صرف ’اسرانی‘ کے نام سے مشہور تھے، طویل علالت کے بعد 84 سال کی عمر میں چل بسے۔ فلم شعلے میں ان کا مشہور کردار، انگریزوں کے زمانے کا جیلر، آج بھی فلمی تاریخ کے یادگار مناظر میں شمار کیا جاتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پانچ دہائیوں پر محیط شاندار فنی کیریئر میں اسرانی نے ناظرین کو ہنسی اور تفریح کے ان گنت لمحے فراہم کیے۔ وہ فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹیٹیوٹ آف انڈیا کے گریجویٹ تھے، انہوں نے 1960 کی دہائی میں فلمی سفر کا آغاز کیا اور جلد ہی ہندی سنیما میں ایک نمایاں مزاحیہ اداکار بن گئے۔ فلم شعلے میں ان کا مشہور کردار، جیلر، آج بھی فلمی تاریخ کے یادگار مناظر میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ریشیکیش مکھرجی اور راج کپور جیسے ہدایتکاروں کے ساتھ ان کی کامیاب شراکت داری نے انہیں ایک با اعتماد اور ہمہ جہت اداکار کے طور پر منوایا۔

اسرانی کا فلمی سفر 50 برس سے زائد عرصہ پر محیط رہا، انہوں نے 350 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے مزاحیہ اور معاون کرداروں کے ذریعے بھارتی سنیما میں ایک مضبوط شناخت قائم کی۔

Advertisement

آنجہانی اداکار کی آخری فلم مستی زادے ایک ایڈلٹ کامیڈی تھی، جس میں انہوں نے سنی لیون کے والد کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے ایک موقع پر کہا تھا “مجھے مستی زادے میں کام کرنا پڑا، مجھے شرم آئی۔” اسرانی کی یادگار فلموں میں ’میرے اپنے‘، ’کوشش‘، ’باورچی‘، ’پریچے‘، ’ابھیمان‘، ’چپکے چپکے‘، ’چھوٹی سی بات‘ اور ’رفو چکر‘ شامل ہیں، تاہم 1975 میں ریلیز ہونے والی انتہائی مقبول فلم ’شعلے‘ میں ان کا کردار ایک عجیب و غریب جیل وارڈن کے طور پر ایک ناقابلِ فراموش ثقافتی حوالہ بن گیا۔ اس کردار نے مزاحیہ مکالمہ گوئی اور ڈائیلاگ ڈلیوری کے حوالے سے ان کی مہارت کو پختہ کر دیا۔ جیل وارڈن کا کردار آج بھی فلم بینوں کے ذہنوں پر نقش ہے۔