بھارت کی امن دشمنی عالمی برادری سے پوشیدہ نہیں، پاکستان
اسلام آباد (صداۓ روس)
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارتی قیادت اور وزارت خارجہ کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق، بھارتی قیادت کے بیانات امن مخالف بھارتی ترجیحات کو ظاہر کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے سمیت اس کے جارحانہ رویے سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔
جموں و کشمیر تنازعے کو علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں جموں و کشمیر تنازعے کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے پرعزم ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے حالیہ اقدامات اس کے “جنگی جنون” کو ظاہر کرتے ہیں، تاہم پاکستان امن اور تعمیری مذاکرات کے لیے پرعزم ہے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، برداشت اور تنازعات کے حل کا خواہشمند ہے-