اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

بھارت کا پاکستان پر میزائل حملہ: تین شہری شہید، پاک فضائیہ کا مؤثر جواب

Indian Army

بھارت کا پاکستان پر میزائل حملہ: تین شہری شہید، پاک فضائیہ کا مؤثر جواب

اسلام آباد (صداۓ روس)
بھارت کا پاکستان پر میزائل حملہ، اطلاعات کے مطابق 6 مئی 2025 کو بھارت نے اچانک “آپریشن سندور” کے تحت پاکستان کے مختلف علاقوں پر میزائل حملے کیے۔ بھارتی وزارت دفاع کے مطابق، یہ حملے مبینہ دہشت گردی کے اڈوں کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے تھے، جن میں بہاولپور، مریدکے، کوٹلی، مظفرآباد اور باغ شامل ہیں۔ حملوں کے نتیجے میں تین پاکستانی شہری شہید اور کم از کم بارہ افراد زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

پاکستانی فوج نے فوری طور پر بھارتی حملوں کو بلااشتعال جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ آئی ایس پی آر (انٹر سروسز پبلک ریلیشنز) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے دفاعی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے دو رافیل طیارے مار گرائے اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔ پاک فضائیہ اور بری افواج کو مکمل ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے ایک سخت احتجاجی مراسلہ بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کیا ہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں بھارتی اقدام کو “غیر ذمہ دارانہ” اور “شرمناک” قرار دیا ہے اور فریقین سے فوری سیزفائر اور بات چیت کا مطالبہ کیا ہے۔ چین، ترکی، اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک نے بھی دونوں ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی نصیحت کی ہے۔

بھارت میں اپوزیشن جماعتوں نے بھی مودی حکومت کی اس کارروائی پر شدید تنقید کی ہے، جسے بعض سیاسی تجزیہ کار آئندہ انتخابات سے پہلے داخلی مقاصد کے لیے کشیدگی بڑھانے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔

مبصرین کے مطابق خطے میں جاری یہ تازہ ترین کشیدگی ایک بڑے تصادم میں تبدیل ہو سکتی ہے اگر عالمی طاقتوں نے بروقت سفارتی کوششیں نہ کیں۔ فی الحال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی چینلز کے ذریعے بھی پیغام رسانی جاری ہے، لیکن صورتحال انتہائی نازک اور غیر یقینی ہے۔

Share it :