مسلسل تیسرے ہفتے بھی مہنگائی کی رفتار میں اضافہ

Pakistani bazaar Pakistani bazaar

مسلسل تیسرے ہفتے بھی مہنگائی کی رفتار میں اضافہ

اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان میں مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مسلسل تیسرے ہفتے بھی مہنگائی کی رفتار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.49 فیصد کا اضافہ ہوا، جب کہ سالانہ بنیادوں پر یہ شرح بڑھ کر 4.57 فیصد تک جا پہنچی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 19 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران آلو کی قیمت میں 0.71 فیصد، انڈوں میں 2.81 فیصد، آٹے میں 1.42 فیصد، پیاز میں 8.70 فیصد، لہسن میں 0.85 فیصد، ویجیٹیبل گھی میں 0.63 فیصد، ٹماٹر میں 33.20 فیصد اور واشنگ صابن میں 0.08 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب چکن 6.38 فیصد، دال مونگ 0.49 فیصد، کیلے 4.70 فیصد، دال چنا 2.20 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول 0.51 فیصد، پٹرول 2.09 فیصد، اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 0.55 فیصد سستے ہوئے ہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق حساس قیمتوں کے اشاریے کی بنیاد پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی رفتار میں 1.07 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد سالانہ شرح 4.98 فیصد تک پہنچ گئی۔

اسی طرح 17 ہزار 733 سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی رفتار میں 0.92 فیصد کمی کے باوجود 4.98 فیصد رہی، جب کہ 22 ہزار 889 سے 29 ہزار 517 روپے آمدنی والے طبقے کے لیے مہنگائی کی رفتار 0.71 فیصد کمی کے ساتھ 5.57 فیصد رہی۔ 29 ہزار 518 سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والوں کے لیے مہنگائی کی رفتار میں 0.59 فیصد کمی کے بعد یہ 5.49 فیصد رہی، جب کہ 44 ہزار 176 روپے سے زائد آمدنی والے طبقے کے لیے 0.29 فیصد کمی کے ساتھ مہنگائی کی شرح 3.61 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی قوتِ خرید کو متاثر کر رہا ہے اور اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ مہینوں میں افراطِ زر کی شرح مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

Advertisement