اسلام آباد (صداۓ روس)
اسلام آباد موٹر وے پولیس نے مسافروں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کے الزام میں 11 بسوں کو موٹر وے پر سفر سے سات روز کے لیے معطل کر دیا ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق متعلقہ بسوں کے خلاف یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب چیکنگ کے دوران بسوں کی ڈگی میں مسافروں کو بٹھانے جیسے خطرناک اور غیر قانونی عمل کا انکشاف ہوا۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد کے ٹول پلازا پر چیکنگ کے دوران اہلکاروں نے بسوں کی ڈگی سے مسافروں کو نکالا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح مسافروں کو ڈگی میں بٹھانا نہ صرف غیر انسانی عمل ہے بلکہ ان کی جان کے لیے بھی انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ موٹر وے پولیس کے ترجمان نے واضح کیا کہ موٹر ویز پر مسافروں کے ساتھ کسی بھی قسم کے غیر انسانی سلوک کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے واقعات کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔
حکام کے مطابق شہریوں کے محفوظ اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لیے موٹر وے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو مسافروں کے تحفظ کے حوالے سے سختی سے قوانین پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔