نیٹو میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر رہے ہیں، لاوروف
ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ نیٹو اتحاد میں اندرونی اختلافات مسلسل بڑھ رہے ہیں اور اس وقت اتحاد ایک طرح کی “اندرونی بغاوت” کے خطرے سے دوچار ہے۔ انہوں نے یہ بات برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ہونے والے برکس سربراہی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
لاوروف کے مطابق، نیٹو کی توسیع نہ صرف دیگر اقوام بلکہ خود اتحاد کے رکن ممالک کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو کے اندر اختلافات گہرے ہو رہے ہیں کیونکہ بہت سے ممالک اب کسی مسلط کردہ نظریاتی اصولوں کے تابع نہیں رہنا چاہتے، بلکہ وہ اپنے قومی مفادات کو ترجیح دینے کے خواہش مند ہیں۔
روسی وزیر خارجہ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب یورپ اور امریکہ کے مابین یوکرین جنگ، دفاعی اخراجات، اور سیکیورٹی حکمت عملیوں کے حوالے سے اختلافات نمایاں ہوتے جا رہے ہیں۔ لاوروف نے نیٹو کے داخلی خلفشار کو عالمی سلامتی کے لیے ایک نیا چیلنج قرار دیا۔