اسرائیل کی توانائی کی تنصیبات پر ایران کا حملہ، متعدد علاقوں کی بجلی معطل
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران کے حالیہ حملے میں اسرائیل کی توانائی کی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ اسرائیل کے شہر حیفہ میں قائم بازان گروپ کی جانب سے جاری ایک ریگولیٹری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک اہم بجلی گھر کو نقصان پہنچنے کے بعد ان کے تمام آئل ریفائنری یونٹس بند کر دیے گئے ہیں۔ یہ پاور اسٹیشن بھاپ اور بجلی کی تیاری کے لیے استعمال ہوتا تھا اور ایران کے حملے میں اسے خاصی حد تک نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنائے جانے کے باعث نہ صرف صنعتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں، بلکہ گھریلو صارفین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ توانائی کے ماہرین کے مطابق یہ حملہ اسرائیل کے بنیادی انفرااسٹرکچر کو کمزور کرنے کی ایک واضح کوشش ہے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مرمت و بحالی کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور خطے کی صورتحال مسلسل غیر یقینی کا شکار ہے۔ توانائی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایسے حملے جاری رہے تو اسرائیل کی معیشت اور روزمرہ زندگی پر اس کے سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔