ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران نے بحرِ ہند میں واقع امریکی اور برطانوی فوجی اڈے ڈیگو گارشیا پر بیلسٹک میزائل داغنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی خبر ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ تہران کی جانب سے اس فوجی اڈے کو نشانہ بناتے ہوئے دو بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔ رپورٹس کے مطابق ایرانی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ڈیگو گارشیا پر میزائل حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی میزائلوں کی رینج دشمن کے اندازوں سے بھی زیادہ ہے۔ اس واقعے کو ایران کی جانب سے درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کے پہلے تصدیق شدہ استعمال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ میزائل تقریباً 2400 میل دور سے لانچ کیے گئے، جسے موجودہ تنازع میں ایک اہم پیش رفت اور کشیدگی میں نمایاں اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ایک امریکی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرانی میزائل ڈیگو گارشیا کے فوجی اڈے کو براہِ راست نشانہ بنانے میں ناکام رہے۔ تاہم اس حوالے سے مختلف ذرائع سے متضاد اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔