اسرائیل پر ایران کا جوابی حملہ، اسرائیلی شہروں میں دھماکوں کی گونج
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران نے اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کرتے ہوئے جوابی کارروائی شروع کر دی، جس کے بعد اسرائیل کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے اور شہریوں کو فوری حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ اسرائیلی فضائیہ کے مطابق آنے والے میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کے لیے دفاعی نظام متحرک کر دیا گیا ہے، جبکہ ممکنہ خطرات کو ختم کرنے کے لیے لانچنگ سائٹس کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہوم فرنٹ کمانڈ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
تہران اور دیگر ایرانی شہروں پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے سخت بیان جاری کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا “ہم نے آپ کو خبردار کیا تھا، مگر آپ نے وہ راستہ اختیار کیا جس کے نتائج اب آپ کے اختیار میں نہیں رہیں گے۔” ایرانی حکام اس سے قبل بھی خبردار کر چکے تھے کہ ملک پر کسی بھی فوجی حملے سے پورا خطہ وسیع جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔ تازہ پیش رفت کو ماہرین مشرقِ وسطیٰ میں خطرناک کشیدگی قرار دے رہے ہیں، جہاں جوابی حملوں کا سلسلہ علاقائی عدم استحکام کو مزید گہرا کر سکتا ہے۔