ایران نے قطر، بحرین، کویت اور عراق میں امریکی اڈوں پر میزائل حملہ کردیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی اڈوں پر حملہ کیا ہے۔ ایران نے قطر، بحرین، کویت اور عراق میں امریکی اڈوں پر میزائل حملہ کردیا، ایران نے میزائل حملہ کرکے جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کا جواب دے دیا ہے۔ پاسداران انقلاب گارڈ نے تصدیق کی ہے کہ قطر میں امریکی فوجی اڈے العدید پر میزائل حملے کیے گئے ہیں۔ ایرانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایک میزائل قطر میں امریکی اڈے پر داغا گیا جبکہ دوسرا عراق میں ایک اور امریکی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کو ایران کی براہِ راست جوابی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق عراق میں امریکی ایئر بیس عین الاسد کا فضائی دفاعی نظام فعال کردیا گیا، عراق میں امریکی عین الاسد بیس پر ہائی الرٹ کر دیا گیا،عین الاسد بیس پر عملے کو بنکرز میں جانے کی ہدایت کر دی گئی۔
ایران نے مغربی عراق میں عین الاسد کے مقام پر بھی امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا۔ اس سے کچھ دیر پہلے قطر نے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جب کہ تین روز پہلے یہ خبر آئی تھی کہ امریکا نے اپنے 40 جنگی جہاز العُدید کے فوجی اڈے سے نکال لیے ہیں۔ قطر اور عراق پر ایرانی حملے سے پہلے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا سوشل میڈیا پر یہ بیان سامنے آیا تھا کہ ہم نے یہ جنگ شروع نہیں کی نہ ہم جنگ چاہتے ہیں مگر ہم عظیم ایران پر جارحیت کا جواب دیے بغیر نہیں رہیں گے۔