اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

ایرانی اسپتال پرحملے کے جواب میں ایران کا میزائل حملہ، اسرائیلی اسپتال تباہ

Israeli hospital hit

ایرانی اسپتال پرحملے کے جواب میں ایران کا میزائل حملہ، اسرائیلی اسپتال تباہ

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی نے خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے، جب ایرانی میزائل نے اسرائیل کے جنوبی شہر بیر شیوا میں ایک اسپتال کو نشانہ بنایا، جس سے درجنوں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ایران کی جانب سے یہ حملے اسرائیل کی جانب سے مسلسل جوہری اور عسکری تنصیبات پر بمباری کے جواب میں کیے جا رہے ہیں۔
ادھر اسرائیل نے ایرانی جوہری پروگرام کو نشانہ بنانے کے لیے “آپریشن رائزنگ لائن” کے تحت ایک اور شدید فضائی حملہ کیا ہے، جس میں اراک میں واقع ہیوی واٹر ری ایکٹر، نطنز، اصفہان، اور فردو کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے نطنز اور اصفہان میں ہونے والے نقصانات کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں سے ایران کے جوہری پروگرام کو “شدید نقصان” پہنچا ہے۔ تاہم ایران کی جانب سے میزائل حملوں کے جواب میں اسرائیل کے کئی شہروں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ واشنگٹن میں قائم انسانی حقوق کے ایک گروپ “ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس” کے مطابق، اسرائیلی حملوں کے آغاز سے اب تک 639 ایرانی شہری جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔ دوسری طرف، اسرائیل نے 24 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اب تک براہِ راست فوجی مداخلت کو مسترد نہیں کیا، اور امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق، انہوں نے ایران پر حملے کی ایک ممکنہ حکمت عملی کی منظوری دے دی ہے، تاہم ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ روس نے اسرائیل کی ابتدائی فضائی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور مذاکرات کی اپیل کی ہے۔ صدر ولادیمیر پوتن اور صدر ٹرمپ کے درمیان ہفتے کے اختتام پر ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا، جس میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کی بحالی پر بات چیت کی گئی۔ یہ تمام پیش رفتیں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ مشرق وسطیٰ ایک بڑی جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے، جہاں ہر لمحہ صورت حال مزید خطرناک ہو رہی ہے۔ اگر عالمی برادری نے بروقت کردار ادا نہ کیا تو یہ تنازعہ نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر کے امن کو تہہ و بالا کر سکتا ہے۔

Share it :