ایران نے اسرائیل سے لانچ کیا گیا امریکی ساختہ ایم کیو 9 ریپر ڈرون مار گرایا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق، ایرانی فضائی دفاعی نظام نے عراق کی سرحد کے قریب ایک امریکی ساختہ ایم کیو 9 ریپر جاسوس ڈرون کو مار گرایا ہے جو اسرائیل سے لانچ کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق یہ ڈرون ایران کے مغربی شہر دہلوران کے قریب ایرانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا، جسے فوری طور پر دفاعی کارروائی کے ذریعے تباہ کر دیا گیا۔ یہ ڈرون طیارہ جدید جاسوسی اور حملہ آور صلاحیتوں کا حامل تھا، جو ماضی میں کئی اہم مشنز میں استعمال کیا جا چکا ہے۔ ایران نے اسے ایک جارحانہ اقدام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ اس واقعے سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ متوقع ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ایران اور اسرائیل کے درمیان براہ راست جھڑپیں شدت اختیار کر چکی ہیں۔