ایران۔امریکا جنگ: پاکستانی میڈیا ایک بار پھر مغربی بیانیے سے متاثر؟

Pakistani media Pakistani media

ایران۔امریکا جنگ: پاکستانی میڈیا ایک بار پھر مغربی بیانیے سے متاثر؟

ماسکو (صداۓ روس)
ایران اور امریکہ اسرائیل کے درمیان جنگ کے ساتویں دن میں داخل ہونے کے ساتھ پاکستانی میڈیا نے مغربی میڈیا کی طرز پر یک طرفہ اور مبالغہ آمیز رپورٹنگ شروع کر دی ہے جو واضح طور پر امریکی بیانیے کی حمایت کرتی ہے۔ الیکٹرانک میڈیا ہو یا پرنٹ میڈیا، پاکستانی ایڈیٹرز اور نیوز رومز نے سی این این، بی بی سی، بلومبرگ، سی این بی سی اور الجزیرہ جیسے مغربی اور مغرب نواز چینلز کی پیروی کرتے ہوئے خبریں شائع اور نشر کیں۔ ان رپورٹس میں ایران کے جوابی حملوں کو کمزور اور امریکی اسرائیلی کارروائیوں کو جائز اور دفاعی قرار دیا جا رہا ہے جبکہ ایران کی طرف سے پیش کیے جانے والے حقائق اور دعووں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
یہ رویہ پاکستانی میڈیا کی ایک پرانی روایت بن چکا ہے کہ بڑے بین الاقوامی تنازعات میں وہ آزادانہ تجزیہ کرنے کے بجائے مغربی میڈیا کے بیانیے کو اپنا لیتا ہے۔ نتیجتاً پاکستانی عوام کو ایک طرفہ معلومات مل رہی ہیں اور جنگ کے اصل پس منظر، ایران کی پوزیشن اور علاقائی اثرات کو مکمل طور پر پیش نہیں کیا جا رہا۔
ماہرین صحافت کا کہنا ہے کہ یہ مغربی میڈیا کی اندھی تقلید پاکستانی صحافت کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔ پاکستانی میڈیا کی یہ غیر جانبدارانہ اور یک طرفہ رپورٹنگ نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستانی صحافت کی ساکھ کو متاثر کر رہی ہے۔
اگر پاکستانی میڈیا نے اپنے آزادانہ کردار کو برقرار رکھنے کی کوشش نہ کی تو “خالص صحافت” کی جو تصویر دنیا میں موجود تھی وہ مزید داغدار ہو جائے گی اور اس کی عالمی اعتبار کو برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا۔