اسحاق ڈار اور محمد یونس کی ملاقات، پاک۔بنگلہ دیش تعلقات کے نئے دور پر اتفاق
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ڈھاکا میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو نئے دور میں داخل کرنے اور خطے میں تعاون کے امکانات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں تاریخی روابط کی بحالی، نوجوانوں کے تبادلے، عوامی سطح پر رابطہ کاری میں بہتری، تجارت میں اضافے اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پروفیسر یونس تک پہنچایا اور اپنے دورے کی سرگرمیوں اور اہم نتائج سے انہیں آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیا کی تازہ صورتحال، علاقائی استحکام اور مشترکہ ترقی کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے شاندار میزبانی اور بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار تعاون کے فروغ کے لیے بنگلہ دیش کے ساتھ مثبت اور نتیجہ خیز تعلقات چاہتا ہے۔