ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران کے دارالحکومت تہران اسرائیلی فضائی حملوں کی نئی اور بڑی لہر کا نشانہ بن گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ تہران میں انفراسٹرکچر کو نشانہ بناتے ہوئے بڑے پیمانے پر حملے کیے جا رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران کے علاقے اندرزگو میں ایک بہت بڑا دھماکا ہوا، جبکہ کامرانیہ علاقے میں پاسدارانِ انقلاب کی بسیج فورس کے ایک اہم مرکز کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا۔ سعد آباد پیلس کمپلیکس کے قریب بھی کئی شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، تاہم ان دھماکوں کی نوعیت اور ہدف کے بارے میں فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
اس سے قبل کرج، شہریار اور شیراز سمیت کئی دیگر شہروں میں بھی اسرائیلی فضائی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے مطابق اراک شہر میں امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملے کے نتیجے میں ایک نومولود بچہ، اس کی دو سالہ بہن، والدہ اور دادی شہید ہو گئیں۔ ایران کی وزارتِ صحت نے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 28 فروری سے جاری امریکی اور اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 1444 افراد شہید اور 18,551 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔