اسرائیل کو انسانیت کے خلاف جرائم پر جوابدہ کرنا ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل کو انسانیت کے خلاف جرائم پر ہر حال میں جوابدہ بنانا ہوگا، کیونکہ اس کی جارحیت نے مشرقِ وسطیٰ میں امن قائم کرنے کی تمام کوششوں کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔ دوحہ میں عرب اسلامی سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی حملے کی پرزور مذمت کرتا ہے جس نے قطر کی سلامتی اور خودمختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ہر مشکل گھڑی میں اس کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ شہباز شریف نے زور دیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی سمیت ہر عالمی اور علاقائی پلیٹ فارم پر بھرپور سفارتی حمایت فراہم کرے گا۔ ان کے بقول، دوحہ سمٹ نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ مسلم امہ اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں مکمل طور پر متحد ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل نے برادر ملک قطر کی خودمختاری اور سلامتی کو نشانہ بنایا ہے جو اس کے جارحانہ اقدامات کا تسلسل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ فوری طور پر غزہ میں سیز فائر کروائے اور طبی عملے کو متاثرہ علاقوں تک رسائی دی جائے تاکہ انسانی جانیں بچائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بجائے خاموش رہنے کے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔ اسرائیل کی جانب سے عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی پامالی پر خاموشی ناقابل قبول ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں انسانیت سسک رہی ہے اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ فوری اقدامات کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ میں اسرائیل کی رکنیت معطل کرنے کی تجویز کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور غزہ کی شہری آبادی کو فوری اور ہنگامی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا خواہاں ہے، اور اگر مسلم ممالک نے اجتماعی دانش کے ساتھ بروقت اقدامات نہ کیے تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔