’’سرخ لائن‘‘ عبور ہونے پر اسرائیل کی ایران کو تنہا حملے کی دھمکی
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
اسرائیل نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر تہران نے بیلسٹک میزائل پروگرام کے حوالے سے اس کی طے کردہ ’’سرخ حد‘‘ عبور کی تو وہ امریکا کی حمایت کا انتظار کیے بغیر یکطرفہ فوجی کارروائی کے لیے تیار ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق میزائل صلاحیتوں میں کسی بھی ایسے اقدام کو براہِ راست قومی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھا جائے گا، جس کا فوری جواب دیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب ایران نے مبینہ طور پر نئی ہتھیاروں کی نمائش روک دی ہے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ سکیورٹی خدشات اور عسکری حکمتِ عملی کے تحت کیا گیا ہے تاکہ ممکنہ تصادم کی صورت میں ’’اسٹریٹجک سرپرائز‘‘ برقرار رکھا جا سکے۔ تہران کا مؤقف ہے کہ ہتھیاروں کی عوامی نمائش دشمن کو پیشگی معلومات فراہم کر سکتی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اسرائیلی انتباہ اور ایرانی رویے میں تبدیلی خطے میں کشیدگی کے ایک نئے مرحلے کی نشاندہی کرتی ہے۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان پہلے ہی بالواسطہ محاذ آرائی جاری ہے، جبکہ میزائل پروگرام پر سخت بیانات صورتحال کو مزید حساس بنا رہے ہیں۔
سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا امریکا کے بغیر بھی کارروائی کا عندیہ دینا خطے میں غیر یقینی صورتحال بڑھا سکتا ہے، جبکہ ایران کی جانب سے خاموشی اور اچانک اقدام کی حکمتِ عملی عسکری توازن پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔ آنے والے دنوں میں دونوں فریقوں کے اقدامات مشرقِ وسطیٰ کی سلامتی کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔