اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

ایران پر اسرائیلی حملہ: روس کا سخت ردعمل، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

Dmitry Peskov

ایران پر اسرائیلی حملہ: روس کا سخت ردعمل، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

ماسکو (صداۓ روس)
روس نے ایران پر اسرائیل کے فضائی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کا خطرناک اضافہ قرار دیا ہے۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ روس اس شدید کشیدگی پر تشویش میں مبتلا ہے اور اسے سختی سے مسترد کرتا ہے۔ ان کے مطابق صدر ولادیمیر پوتن اس صورت حال پر وزارت دفاع، خارجہ انٹیلی جنس سروس اور وزارت خارجہ کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جمعہ کے روز اسرائیلی فضائیہ نے ایران کے مختلف علاقوں پر بمباری کی، جس میں تہران کے وسطی علاقے سمیت فوجی اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اس کارروائی کو ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب صرف دو روز بعد عمان میں امریکہ اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کا چھٹا دور متوقع تھا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اس حملے میں سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی، ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف غلام علی رشید سمیت کم از کم چھ اعلیٰ جوہری سائنسدان جاں بحق ہوئے۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی “ارنا” کے مطابق تہران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے اور اسرائیلی حملے کو “کھلی جارحیت” قرار دیا ہے۔

ایرانی افواج نے اسرائیل کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ “نیتن یاہو کو کڑوا سبق سکھایا جائے گا”۔ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے جمعے کی صبح متنبہ کیا کہ اسرائیل کو سنگین سزا کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

موجودہ خطرناک صورت حال کے پیش نظر روسی سفارت خانے نے تل ابیب میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر بیرونی سفر سے گریز اور محفوظ مقامات کے قریب رہنے کی ہدایت کی ہے۔ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سلامتی پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں، اور آنے والے دنوں میں مزید سفارتی ردعمل کا امکان ہے۔

Share it :